مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے فوراً بعد مذاکرات کا پہلا دور شروع ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ

16 جون, 2026 08:52

شیعیت نیوز : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے فوراً بعد مذاکرات کا پہلا دور شروع ہو جائے گا۔

پارلیمنٹ کی اقتصادی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے بعد انہوں نے بتایا کہ امکان ہے کہ جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں دونوں ممالک کے وفود کے سربراہان کی ملاقات ہوگی، جہاں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے اور اس کے بعد باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے ایران کو معاشی فوائد ضرور حاصل ہوں گے، تاہم ملک اپنی تمام ضروریات کے لیے ان فوائد پر انحصار نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، آبنائے ہرمز فوری کھولنے اور پابندیاں کم کرنے کا معاہدہ طے

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران امریکی پابندیوں کے خاتمے اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت اہم امور پر 60 دن کے اندر بات چیت کی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں بداعتمادی اور احتیاط کا رویہ اختیار کرے گا کیونکہ ماضی میں واشنگٹن متعدد بار وعدہ خلافی اور معاہدوں سے انحراف کر چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اتوار کی شب طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں دونوں ممالک کے لیے مختلف ذمہ داریاں مقرر کی گئی ہیں، جن میں سے بعض پر پیر سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا جبکہ باقی نکات پر جمعہ کو حتمی دستخط کے بعد عمل کیا جائے گا۔

ایران نے ہمیشہ کی طرح اپنے قومی مفادات، جوہری حقوق اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے محتاط اور مضبوط موقف اختیار کیا ہے۔

9:51 صبح جون 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔