شہید امت آیت اللہ سید علی خامنہ ایؒ کی شہادت پر پاکستان میں سوگ اور یکجہتی کا سیلاب، مینار پاکستان پر تاریخی اجتماع
شیعیت نیوز : رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں سوگ، احتجاج اور یکجہتی کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی، پاراچنار، گلگت، بلتستان، کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور راولپنڈی سمیت متعدد علاقوں میں تعزیتی اجتماعات، ریلیاں اور یکجہتی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔
اس سانحے کے بعد مختلف شیعہ جماعتوں، تنظیموں اور مذہبی حلقوں میں غیر معمولی ہم آہنگی پیدا ہوئی۔ کئی برس بعد متعدد تنظیموں نے مشترکہ تعزیتی اور یادگاری پروگراموں کا انعقاد کیا۔ مختلف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شہید رہبر کے فلسطینی کاز کی حمایت، استقامت اور عالمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور میں مرکزی قائدین کا اجلاس، شہید امت کانفرنس کے انتظامات کا جامع جائزہ
اسی تناظر میں جامعہ المنتظر پاکستان میں منعقد پروگرام میں مختلف شیعہ جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اتحاد برقرار رکھنے پر زور دیا۔ لاہور کے تاریخی مقام مینار پاکستان پر ایک بڑے عوامی اجتماع کا اعلان کیا گیا۔
حوزۂ علمیہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع امت مسلمہ کے اتحاد اور قومی یکجہتی کا عظیم مظہر بنے گا۔ انہوں نے شہید امت کا راستہ وحدت، استقامت اور مظلوموں کی حمایت کا راستہ قرار دیا۔
علامہ جواد نقوی نے حکومت پنجاب اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اجتماع تمام سرکاری ضوابط کے مطابق منعقد ہوگا۔ علامہ محمد امین شہیدی نے مختلف شیعہ اور سنی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے بتایا کہ تیاریاں مکمل ہیں اور بڑی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔
منتظمین نے مینار پاکستان کا دورہ کر کے سیکیورٹی، سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اجتماع پاکستان کی شیعہ تاریخ کا اہم ترین عوامی اجتماع ثابت ہوگا۔







