رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا مرجع تقلید آیت اللہ اسحاق فیاض کے انتقال پر تعزیت کا پیغام
شیعیت نیوز : رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای نے جلیل القدر مرجع تقلید آیت اللہ حاج شیخ اسحاق فیاض کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
رہبر انقلاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ مرحوم آیت اللہ فیاض کے وصال کی خبر انتہائی رنج و الم کا باعث بنی ہے۔ ان کے انتقال نے خصوصاً حوزہ علمیہ نجف اشرف کو غمزدہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے طویل عرصے تک نجف اشرف کے مقدس علمی مرکز میں قیام کیا، جہاں انہوں نے اکابر علماء سے کسب فیض کیا اور بالخصوص مرحوم آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئی کے شاگرد خاص ہونے کا شرف حاصل کیا۔
رہبر انقلاب نے مرحوم کی نمایاں خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شاگردوں کی تربیت، علمی و دینی کتابوں کی تصنیف، نجف اشرف کے علمی حلقوں کی سرپرستی اور مومنین و مقلدین کی دینی رہنمائی ان کے کارناموں میں شامل ہیں جو کبھی فراموش نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس
رہبر انقلاب نے حوزہ علمیہ نجف اشرف، مرحوم کے تمام مقلدین، عقیدت مندوں، خصوصاً افغانستانی قوم اور ان کے معزز خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو بلند درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل نصیب کرے۔







