محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کا ڈی آئی جی سکھر رینج سے اہم اجلاس

10 جون, 2026 19:13

شیعیت نیوز : سکھر: مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈی آئی جی سکھر رینج جناب ناصر آفتاب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور عزادارانِ امام حسینؑ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وفد میں مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی، جعفریہ الائنس ڈویژن لاڑکانہ کے صدر وزیر علی مشہدی، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری بابر علی ابڑو، صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی مولانا منور حسین سولنگی، زوار دلدار حسین گولاٹو اور دیگر رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سابق صوبائی جنرل سیکریٹری چوہدری اظہر حسن بھی موجود تھے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام تحریک کربلا کا تسلسل ہے۔ اس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ریاستی اداروں اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی نفرت انگیز سرگرمیوں کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مجالس عزا، جلوس ہائے عزاداری اور دیگر مذہبی اجتماعات کے لیے مناسب سیکیورٹی اور انتظامی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ سید غلام شبیر نقوی نے ایام عزاء میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے واپڈا کو پابند کرنے کی بات کی۔

ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب نے وفد کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے علماء کرام اور تنظیمی رہنماؤں کے تعاون کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ دہشتگرد کی مبالغہ آمیز دھمکی: ایران کو آبنائے ہرمز سے آمدنی نہیں کرنے دیں گے

یہ ملاقات عزاداری کے مقدس فریضے کو پرامن طور پر انجام دینے میں ریاستی اداروں اور شیعہ قیادت کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

8:46 شام جون 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔