اقوام متحدہ میں پاکستان کا لبنان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار، فوری جنگ بندی کا مطالبہ
شیعیت نیوز : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے لبنان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں جاری کشیدگی پر فوری قابو پانے اور جنگ بندی کے مؤثر نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جاری صورتحال محض ایک علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور لبنانی علاقوں میں دراندازی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف شہری آبادی متاثر ہو رہی ہے بلکہ خطے کا پورا توازن بھی خطرے میں پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگرد اسرائیل کی بوفور قلعہ پر قبضے کا دعویٰ، حزب اللہ کی مزاحمت کی 44 سالہ تاریخ دہرائی جا رہی ہے
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ بنیادی سہولیات کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے طبی عملے، امدادی کارکنوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری سے فوری اور مؤثر ردعمل کا مطالبہ کیا۔
پاکستانی مندوب نے لبنان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔







