علامہ مقصود علی ڈومکی کی مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں، امام خمینیؒ کی برسی پر کانفرنس میں شرکت کی دعوت
شیعیت نیوز : مدرسہ خاتم النبیین (ص) کوئٹہ کے پرنسپل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے مختلف مکاتب فکر، سیاسی و سماجی جماعتوں اور دینی تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے انہیں 2 جون کو منعقد ہونے والی "مظلوم فلسطین کی حمایت میں امام خمینیؒ کا کردار” کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ، جماعت غرباء اہل حدیث کے مولانا فضل ربیٰ، شیعہ علماء کونسل کے علامہ سید محمد رضا اخلاقی، مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ کے علامہ ذوالفقار علی سعیدی، سید عبدالغنی شاہ حسینی، علامہ سہیل اکبر شیرازی، علامہ ولایت حسین جعفری، علامہ ذاکر حسین درانی اور دیگر ممتاز شخصیات کو دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں : صہیونی فوج کی بے بسی: صرف 5 کلومیٹر آگے بڑھنے میں تین ماہ لگے، لبنانی تجزیہ نگار
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے فلسطین کے مسئلے کو پوری امت مسلمہ کا بنیادی مسئلہ قرار دیا اور یوم القدس کا اعلان کرکے اسے عالم اسلام کی مشترکہ آواز بنا دیا۔ آج غزہ کی صورتحال میں امام خمینیؒ کی فکر اور بصیرت پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، علامہ سید محمد رضا اخلاقی، علامہ ذوالفقار علی سعیدی اور علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اور تمام دینی و سیاسی قوتوں کو متحدہ موقف اختیار کرنا چاہیے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے تمام علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنماؤں، طلباء اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کانفرنس میں بھرپور شرکت کرکے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور امام خمینیؒ کی انقلابی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں۔







