ایران میں جلد قائم ہوگا شہری ڈرون سپورٹ سینٹر، ایرانی وزارت دفاع
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت دفاع اور مسلح افواج کی لاجسٹک امور کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائینیک نے اعلان کیا ہے کہ وزارت دفاع کے اندر جلد ہی ایک خصوصی شہری ڈرون سپورٹ سینٹر قائم کیا جائے گا، جو شہری ڈرونز کی ترقی، نگرانی اور معاونت کے امور انجام دے گا۔
انہوں نے شہری ڈرون قانون اور اس کے ضابطۂ کار کی حالیہ منظوری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج ڈرون ٹیکنالوجی صرف عسکری شعبے تک محدود نہیں بلکہ اس سے وسیع سویلین اور اقتصادی اہداف بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کے حملوں میں ایک دہشتگرد اسرائیلی فوجی جہنم واصل، پانچ دیگر زخمی
بریگیڈیئر جنرل طلائینیک نے ایران کے خلاف حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے جدید ڈرونز کے ذریعے ملک کی سلامتی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم ایرانی فضائی دفاعی نظام نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ڈرونز کو تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہری ڈرونز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر مؤثر قانونی نگرانی ضروری ہے تاکہ یہ ٹیکنالوجی عوامی سلامتی کے لیے خطرہ نہ بنے۔ ان کے بقول ایران میں اس شعبے کے لیے پہلے کوئی جامع قانون موجود نہیں تھا، تاہم پارلیمنٹ، حکومت اور مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی مشترکہ کاوشوں سے یہ قانونی خلا پر کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بعض مواقع پر شہری ڈرونز کو ملکی سلامتی کے خلاف بھی استعمال کیا گیا، لیکن نئے قانون کے تحت ان جرائم کی واضح تعریف اور سزا مقرر کیے جانے کے بعد ایسے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔







