اسد قیصر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روکنا جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسکردو میں انتخابی مہم کے لیے جاتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر روکنا نہ صرف افسوسناک بلکہ جمہوری اقدار اور سیاسی آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دیگر سیاسی جماعتوں کے وفاقی وزراء اور رہنما بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں، لیکن پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا نیا علاقائی سیکیورٹی آرڈر: متعدد ممالک تہران کے وژن کی حمایت کر رہے ہیں
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کل پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کو گلگت میں روکا گیا اور آج اسد قیصر کو سفر سے روک دیا گیا۔ اگر ایک مخصوص جماعت کے رہنماؤں کو انتخابی مہم چلانے کے بنیادی جمہوری حق سے محروم کیا جائے تو شفاف انتخابات اور سیاسی برابری کے دعوے اپنی حیثیت کھو دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سیاسی اختلاف کو ختم نہیں کرتے بلکہ معاشرے میں مزید نفرت، تقسیم اور بے اعتمادی کو جنم دیتے ہیں۔ ملک کو استحکام، برداشت اور جمہوری روایات کی ضرورت ہے، نہ کہ سیاسی انتقام اور یکطرفہ پابندیوں کی۔







