صیہونی فوج میں مایوسی عروج پر: لبنان جنگ کی کوئی واضح حکمت عملی نہیں، ہارٹز کا انکشاف
شیعیت نیوز : صیہونی اخبار ہارٹز نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی قیادت کے پاس لبنان جنگ کے لیے کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں، جس کی وجہ سے صیہونی فوج کی صفوں میں بے چینی اور مایوسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق لبنان محاذ پر تعینات صیہونی فوجیوں نے اعتراف کیا کہ وہ جنگ کے اصل اہداف سے مکمل طور پر لا علم ہیں۔ فوجی یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان کی قیادت حتمی فوجی فتح چاہتی ہے یا جنگ بندی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا اور اسرائیل کا ایران میں رجیم چینج کا خفیہ منصوبہ ناکام، منصوبہ درمیان راستے میں ہی فیل
فوجی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کا کام صرف لبنانی دیہاتوں میں گھروں اور رہائشی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، جو کسی بھی لحاظ سے اسٹریٹجک کامیابی نہیں سمجھی جا سکتی۔
حزب اللہ کے خودکش ڈرونز صیہونی زمینی افواج کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، جس سے جانی نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی 24 نیوز اور یسرائیل ہیوم نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل ایک طویل مدتی جنگ میں پھنس چکا ہے جس کا کوئی واضح انجام نظر نہیں آ رہا۔
صیہونی افسران ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بیروت اور وادی بقاع میں بمباری پر عائد پابندیوں پر بھی برہم ہیں، جس کی وجہ سے وہ صرف سرحدی دیہاتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔







