اسلامی تحریک پاکستان کا سکردو حلقہ 1 میں اتحادی امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان
شیعیت نیوز : اسلامی تحریک پاکستان نے حلقہ نمبر 1 سکردو کے اپنے نامزد امیدوار وزیر الیاس کو استحکام پاکستان پارٹی کے نامزد امیدوار راجہ جلال حسین مقپون کے حق میں دستبردار کرانے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور دیگر قائدین خصوصی طور پر سکردو پہنچے، جہاں ایک شاندار ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ریلی سکردو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مقپون ہاؤس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کی قیادت وزیر الیاس اور راجہ جلال حسین مقپون نے کی۔ رہنماؤں کے مطابق یہ انتخابی اتحاد مرکزی سطح پر استحکام پاکستان پارٹی اور تحریک اسلامی پاکستان کے درمیان ہونے والے اتحاد کے باعث ممکن ہوا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور اس اتحاد کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد وہ اس خطے کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سید ساجد علی نقوی پورے پاکستان اور گلگت بلتستان میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہید رہبر معظم اور شہدائے مقاومت کو خراج عقیدت، سکردو میں عظیم الشان تکریم شہداء سیمینار
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 2015ء اور 2020ء میں کامیاب ہونے والی جماعتوں نے عوام کے لیے کیا عملی اقدامات کیے؟ عوام کو بار بار آزمائی گئی جماعتوں کے بجائے نئی قیادت کو موقع دینا چاہیے۔ علامہ شبیر میثمی نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ناکام نہیں بلکہ اسے مختلف مشکلات میں ڈالا گیا، تاہم اب وہ ان مشکلات سے نکل کر استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ اتحاد کے ذریعے شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔ اس موقع پر حلقہ ون کے مشترکہ امیدوار راجہ جلال حسین مقپون نے کہا کہ وہ قائد ملت جعفریہ سید ساجد علی نقوی اور دیگر علمائے کرام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انتخابی اتحاد کر کے غیر معمولی تعاون کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حلقہ ون میں ان کی کامیابی یقینی ہے اور کامیابی کے بعد وہ علاقے کے عوام کی بہتر انداز میں خدمت کریں گے۔ وزیر الیاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قائد ملت جعفریہ کے حکم پر راجہ جلال حسین مقپون کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقے میں راجہ جلال حسین مقپون کی کامیابی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔







