شہید رہبر معظم اور شہدائے مقاومت کو خراج عقیدت، سکردو میں عظیم الشان تکریم شہداء سیمینار
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے زیر اہتمام شہید رہبر معظم آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای رضوان اللہ علیہ، شہدائے راہ رہبری اور شہدائے راہ مقاومت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عظیم الشان ”تکریم شہداء و تجدید عہد سیمینار” ریلسہ ہال سکردو میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں جید علمائے کرام، خانوادہ ہائے شہداء، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، دانشوروں، نوجوانوں اور شہر کے معززین و عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کا چارج ولایت اور محمد ابراہیم آزاد نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔ معروف محقق، مؤرخ اور متعدد کتب کے مصنف حسن حسرت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کی حمایت کرنا ہمارا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم خود کسی ظالم کا راستہ روکنے کی طاقت نہیں رکھتے تو کم از کم ان مجاہدین اور مزاحمت کاروں کے دست و بازو بن جائیں جو ظلم کے خلاف سینہ سپر ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر راجہ زکریا خان مقپون نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان سے اپنی خصوصی وابستگی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے 370 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیا، جس کے نتیجے میں خطے میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ سابق اپوزیشن لیڈر اور حلقہ نمبر 2 سکردو کے امیدوار محمد کاظم میثم نے کہا کہ ہماری تحریک کا راستہ اقتدار کی کثافتوں اور ظالم ٹرمپ کی دہلیز تک نہیں جاتا بلکہ ہماری تحریک کا سرچشمہ کربلا ہے، جہاں حق، غیرت، آزادی اور مظلوموں کی حمایت کا ابدی درس ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 12 سال تک کی لڑکیوں کا 11 سال مسلسل ریپ کرنے والا، بنو امیہ کے درندہ صفت مولوی کو برطانیہ میں عمر قید کی سزا
معروف صحافی ہرمیت سنگھ نے کہا کہ آزاد فکر رکھنے والے اور ظالم کو ظالم کہنے والے افراد کا راستہ اگرچہ دشوار ہوتا ہے، لیکن یہی راستہ انسان کو اپنے ضمیر اور خدا کے سامنے سرخرو کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران نے استقامت اور مزاحمت کے ذریعے عالمی طاقتوں کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ معروف اینکر پرسن اور صحافی اظہر برلاس نے فرزند بلتستان سید سرباز کا شعر پڑھتے ہوئے کہا کہ لہو سے شمع جلائی ہے روشنی کے لیے، حسینؑ موت سے کھیلا ہے زندگی کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعر میں شہداء کی قربانیوں اور تجدید عہد دونوں کا فلسفہ موجود ہے۔
تقریب سے لندن سے تشریف لائے ہوئے عالم دین مولانا مشرف حسین جعفری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی اور معروف عالم دین علامہ آغا مظاہر موسوی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ بعض عناصر جمہوری اسلامی ایران اور محور مقاومت کے خلاف محاذ آرائی کی کوشش کرتے رہے، مگر انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیمینار کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر کے مظلوموں خصوصاً فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر مولوی غلام رضا ہاشمی، مدثر عباس اور اجمل ذاکری نے شہداء کی خدمت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔







