حجت الاسلام ساجد محمدی صدر مجمع طلاب سکردو منتخب، نئی کابینہ کی حلف برداری
شیعیت نیوز : قم میں مقیم سکردو کے علماء و طلاب کے مشترکہ پلیٹ فارم مجمع طلاب سکردو کے صدارتی انتخابات میں حجت الاسلام ساجد محمدی آئندہ دو سال کے لیے مجمع کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انتخابات میں سابق صدر حجت الاسلام شیخ نذیر عرفانی اور حجت الاسلام ساجد محمدی نے حصہ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : نہج البلاغہ کی تعلیمات کو مجالس تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں نافذ کیا جائے، سکردو کانفرنس کے مقررین
مجمع طلاب سکردو کے زیرِ اہتمام دخترِ شیرِ خدا حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے جشنِ ولادت کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں حضرت زینب کبریٰؑ کی عظیم شخصیت، سیرت و کردار اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے آپؑ کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اسی تقریب میں سال 2026ء و 2027ء کے لیے منتخب ہونے والے نئے میرِ کارواں حجت الاسلام ساجد محمدی اور ان کی کابینہ کی حلف برداری ہوئی۔ نئی کابینہ کے اراکین نے مجمع کے علمی، تربیتی، تبلیغی اور فلاحی مقاصد کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا، جبکہ نومنتخب صدر نے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ انجام دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں سابق صدر حجت الاسلام شیخ نذیر عرفانی کی گزشتہ دورِ صدارت میں انجام دی گئی خدمات اور تنظیمی کاوشوں کو سراہا گیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ مجمع طلاب سکردو کئی برسوں سے علمی، ثقافتی اور سماجی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔







