دبئی سے پاکستانیوں کی واپسی: حکومتی مؤقف پر علامہ شہنشاہ نقوی کا ردعمل
شیعیت نیوز : دبئی سے پاکستانیوں کی واپسی: حکومتی مؤقف پر علامہ شہنشاہ نقوی کا ردعمل۔ دبئی سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ واپسی کے معاملے پر معروف مذہبی و سماجی شخصیت علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے حکومتی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا حالیہ مؤقف سفارتی انداز کا عکاس ہے، تاہم زمینی حقائق اس سے مختلف دکھائی دیتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو اسی نوعیت کے محتاط بیانات دینے چاہئیں، لیکن بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکام مسئلے کو سفارتی رابطوں اور ملاقاتوں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی حقیقت "سورج کی طرح روشن” ہے اور اس پر مزید تبصرے کی ضرورت نہیں۔ علامہ نقوی کے مطابق پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس مکمل ریکارڈ موجود ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر کے انہیں واپس بھیجا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد مختلف شہروں جیسے کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کل رات ایران کا شدید حملہ، امریکی جنگی جہاز “ٹراکستون” اور “میسون” شدید زد میں آئے، امریکی میڈیا
انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد میں مختلف مسالک اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں، اور انہیں محض فرقہ واریت کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ ان کے بقول، یہ افراد پاکستان کا باصلاحیت اور ہنر مند طبقہ ہیں، جو طویل عرصے سے یو اے ای میں بڑی کمپنیوں میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ علامہ نقوی نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ مؤقف کہ ان افراد کو قانونی یا کاغذی مسائل کی بنیاد پر نکالا گیا، ایک "سیاسی بیان” محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی افراد 20 سے 25 سال سے یو اے ای میں مقیم تھے اور گولڈن ویزا جیسے مراعات بھی رکھتے تھے، اس لیے ان کی بے دخلی کی وجوہات واضح کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور ذمہ دار اداروں کو آگاہ کریں تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہی مل سکے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس مسئلے پر کام کر رہی ہے تو عوام اور متاثرہ افراد کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ ان کی تشویش دور ہو سکے۔







