ٹرمپ کو ایران جنگ میں منہ کی کھانی پڑی، امریکہ مسلسل زوال پذیر ہے، حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر جنگ مسلط کی، ایران جنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو منہ کی کھانی پڑی اور ٹرمپ جیتنے کے جھوٹے دعوے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاستوں کو بھی سمجھ آ گئی ہے کہ امریکہ کو اڈے دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکہ مسلسل زوال پذیر ہو رہا ہے، پاکستان ثالثی کر رہا ہے لیکن امریکہ کی غلامی چھوڑنی پڑے گی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب چہرے نہیں بلکہ نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہاں فارم 47 کی مسلط کردہ حکومت کو عوام کی تائید حاصل نہیں، وڈیروں اور جاگیرداروں کو مسلط کیا گیا ہے اور نظام بدلنے کے لیے اس طبقے سے جان چھڑانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی جنگ ابھی ختم نہیں: فوجی ترجمان کا اعلان، دفاعی صلاحیتیں مزید مستحکم کی جا رہی ہیں
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جنگی حالات میں بھی حکومت نے اپنے اخراجات کم نہیں کیے، اس وقت پٹرول پر 107 روپے لیوی لی جا رہی ہے، حکومت نے لیوی کی مد میں 138 ارب روپے وصول کیے اور جولائی سے اب تک 1234 ارب روپے بٹور چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل چلانے والے طلبا و محنت کش بھی بھاری ٹیکس دے رہے ہیں، ایک کروڑ لوگ صرف ایک لیٹر پر کروڑوں روپے لیوی کی مد میں ادا کر رہے ہیں۔ گاڑیاں چلانے والے افراد کم از کم 550 ارب روپے حکومت کو دے رہے ہیں۔ ریفائنری کی ترقی کے لیے پٹرول پر لیوی نافذ کی گئی مگر اربوں روپے لینے کے باوجود ریفائنریز میں کوئی بہتری نہ آئی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے وزرا کہہ رہے ہیں آئی ایم ایف کا دباؤ ہے اور بجلی مہنگی کرنا پڑے گی، مگر گیارہ ارب کا جہاز لیتے ہوئے انہیں آئی ایم ایف کا دباؤ یاد نہیں آیا۔







