ایران کا تاریخی قدم، آبنائے ہرمز مینجمنٹ پلان تیار، ٹول ٹیکس اور دشمن جہازوں پر پابندی کا قانون آ رہا ہے
شیعیت نیوز : ایران ایک آبنائے ہرمز مینجمنٹ پلان پر کام کر رہا ہے جس کے تحت نہ صرف مخصوص ممالک کے جہازوں پر پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں بلکہ گزرنے والے جہازوں سے فیس یا ٹول ٹیکس بھی لیا جا سکتا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بتایا کہ مجوزہ قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی، نگرانی اور گزرگاہ کے انتظامات مسلح افواج کی ذمہ داری ہوں گے اور ایران اپنے دشمن ممالک سے وابستہ جہازوں کے گزرنے پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
مجوزہ قانون کے تحت آبنائے ہرمز سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ایرانی کرنسی ریال میں وصول کرنے کی شرط بھی شامل کی گئی ہے اور شپنگ کمپنیوں سے مخصوص سروسز کے بدلے فیس لینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکی بحری قزاقی پر دوٹوک ردعمل، دو تیل بردار جہازوں کی تحویل کھلی ڈکیتی ہے
یاد رہے کہ عملی طور پر اس وقت بھی ایران کی مسلح افواج اس اہم گزرگاہ پر کنٹرول رکھتی ہیں تاہم نئے قانون کے ذریعے اسے باضابطہ قانونی شکل دی جائے گی۔
ایران اس منصوبے کو اس انداز میں پیش کر رہا ہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ سیاسی اور قانونی حمایت مل سکے اور اس پر عمان کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے جو خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک برتری کا واضح اظہار ہے۔






