وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی 50 منٹ طویل گرمجوش ٹیلی فونک گفتگو، خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ عزم

26 اپریل, 2026 12:29

شیعیت نیوز : وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والی اس گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتِ حال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیرِ اعظم نے 11 اور 12 اپریل 2026ء کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کو سراہا۔ ترجمان وزیرِ اعظم آفس کے مطابق انہوں نے ایران کے اس فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا کہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک وفد اسلام آباد بھیجا گیا جس نے وزیرِ اعظم سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور وزیرِ اعظم کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک ایران تجارت میں اضافہ، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایران سے درآمدات 78 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

وزیرِ اعظم نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے ان کے رابطوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس ماہ کے اوائل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیرِ اعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی امن کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امن کے لیے ایران کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔

وزیرِ اعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

2:12 شام اپریل 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔