پاک ایران تجارت میں اضافہ، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایران سے درآمدات 78 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں
شیعیت نیوز : پاکستان کا رواں مالی سال بھی ایران سے درآمدات پر انحصار برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایران سے درآمدات 78 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایران سے درآمدات 76 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایران سے درآمدات تقریباً 2 فیصد بڑھیں۔ پاکستان اور ایران دو طرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا سپر پاور نہیں رہا، گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کا منصوبہ بری طرح فلاپ ہوا، سراج الحق
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایران سے پاکستان کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال 18 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ مالی سال 2024 تا 2025 میں ایران سے درآمدات ایک ارب 22 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں جبکہ مالی سال 2023 تا 2024 میں ایران سے درآمدات کا حجم ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل مسلسل 3 مالی سال ایران کے لیے پاکستانی برآمدات صفر رہی تھیں اور امریکی پابندیوں کے باعث بینکنگ چینلز کا نہ ہونا برآمدات صفر رہنے کی بڑی وجہ تھی۔







