سیکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے 22 دہشت گرد ہلاک
شیعیت نیوز : ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 اپریل 2026ء کو ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سیکیورٹی فورسز کی ماہرانہ کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے 22 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، ایرانی وفد کی آمد، ریڈ زون سیل، ٹرانسپورٹ بند
آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں نے گرفتاری کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔ ترجمان پاک فوج نے بیان میں مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کالعدم سپاہ صحابہ کے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔







