اسلام آباد کا ریڈ زون مکمل بند، سیکیورٹی ہائی الرٹ، ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کا انتظار
شیعیت نیوز : پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا ریڈ زون آج بھی عام ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے، سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ریڈ زون میں قائم وزارتوں، ڈویژنز سمیت دیگر تمام دفاتر بند ہیں جبکہ اہم ترین و متعلقہ دفاتر ہی کھلے ہیں۔
مذاکرات کے دوسرے دور میں تاخیر کے سبب شہر کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی قدرے نرم کر دی گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 72 گھنٹوں میں کسی نئے دور کے اعلان کے سبب تیاریاں برقرار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 8 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان، مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی دراندازی پر شدید تشویش
ایران کی طرف سے پاکستان کی ثالثی کاوشوں کی ایک بار پھر تعریف اور اظہارِ تشکر کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال ایران کی طرف سے پاکستان کو مذاکراتی وفد کی آمد کے بارے میں حتمی جواب نہیں ملا۔
ایرانی سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی سول و عسکری قیادت کی طرف سے مذاکرات کو یقینی بنانے کے لیے پسِ پردہ رابطے جاری ہیں۔ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے جیسے اقدامات کے بعد مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب امریکی صدر ایک بار پھر جمعہ کو اسلام آباد میں مذاکرات کے آغاز کا عندیہ دے چکے ہیں۔







