ایران کا قومی اتحاد کا اعلان: صدر، اسپیکر اور وزیرِ خارجہ کا ایک ہی پیغام، ٹرمپ کے دعوے مسترد

24 اپریل, 2026 09:22

شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت کی جانب سے ایک سخت اور واضح پیغام میں قومی اتحاد پر زور دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ایران میں کسی قسم کی داخلی تقسیم موجود نہیں اور پوری قوم ایک انقلابی سوچ کے تحت متحد ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے اندر کسی قسم کی نظریاتی تقسیم موجود نہیں اور پوری قوم ایک ایرانی اور انقلابی شناخت کے تحت متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور حکومت کے فولادی اتحاد اور رہبرِ انقلاب کی مکمل اطاعت کے ساتھ ایران ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، جو بھی ایران کے خلاف اقدام کرے گا اسے اپنے عمل پر پچھتانا پڑے گا۔

ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کا راستہ ایک ہی ہے — ایک خدا، ایک قوم، ایک رہنما اور ایک منزل — اور وہ منزل ایران کی فتح ہے جو قوم کے لیے جان سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی بلا مقابلہ وفاق المدارس الشیعہ کے صدر منتخب، پانچ سالہ مدت کے لیے

ایکس پر اپنے بیان میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ ایران میں کوئی انتہاپسند یا اعتدال پسند نہیں بلکہ تمام شہری ایک قوم اور انقلابی شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور حکومت کے مضبوط اتحاد اور رہبرِ انقلاب کی مکمل اطاعت کے ساتھ ایران ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گا اور دشمن کو اس کے اقدامات پر پچھتانے پر مجبور کرے گا۔

دریں اثنا ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت اور کارروائیوں کے باوجود ایران کے ریاستی ادارے اتحاد، مقصد اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ جنگ اور سفارت کاری دونوں ایک ہی جنگ کے دو مربوط محاذ ہیں اور ان کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ عراقچی کے مطابق ایران کے عوام پہلے سے زیادہ متحد ہیں اور قومی اتحاد میں کسی قسم کی دراڑ نہیں پائی جاتی۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے اندر سخت گیر اور نام نہاد اعتدال پسندوں کے درمیان شدید اختلافات ہیں اور ایرانی حکومت بدحالی اور انتشار کا شکار ہے۔ ایران کی اعلیٰ قیادت نے یہ تمام دعوے یکسر مسترد کر دیے ہیں۔

10:41 صبح اپریل 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔