شہید رہبرِ انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کی یاد میں لاہور میں عظیم الشان تعزیتی ریفرنس، علامہ ساجد نقوی، راجہ ناصر عباس اور علامہ جواد نقوی کا خطاب

23 اپریل, 2026 14:39

شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے زیرِ اہتمام سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں تعزیتی ریفرنس آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ سربراہ اسلامی تحریک علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدارت کی، جبکہ علامہ راجہ ناصر عباس اور علامہ سید جواد نقوی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

علامہ ساجد علی نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا مقصد انقلابِ اسلامی کو ختم کرنے کی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نمائندہ ولی فقیہ کی حیثیت سے رہبرِ انقلابِ اسلامی علی خامنہ ای کے تمام اقدامات پر عمل کیا، پاکستان اور ایران کے درمیان موجود اعتماد میں ہماری کاوشیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی سے محبِ وطن پاکستانی ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، ہمیں ملک میں نظامِ عدل کے قیام کے لیے کام کرنا اور انقلابِ اسلامی کا دفاع کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی دفاعی معاہدے میں ایران اور ترکیہ کو بھی شامل کیا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں نے رہبرِ معظم ولی فقیہ سید علی خامنہ ای کو شہید کیا، انہوں نے امام خمینی کے حقیقی جانشین ہونے کا ثبوت دیا۔ علی خامنہ ای مفکرِ اسلام اور شیعہ سنی وحدت کے داعی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو ہمارے رہبر کے قاتل ہیں، جو ان کی تعریف کرتا ہے وہ ہمارا دشمن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہید رہبر سید علی خامنہ ای کی یاد میں کراچی، پشاور اور لاہور میں اجتماع کیا جائے گا۔

سربراہ تحریک بیداریِ امتِ مصطفیٰ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ رہبرِ شہید کی شہادت نے شیعہ قائدین کو متحد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای بھی اپنے والد کی طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ایران کی استقامت کی وجہ سے جلد ٹرمپ اپنی ناک رگڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم کی شہادت پر چالیس پاکستانی نوجوانوں نے شہادت دی اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کے مراسمِ تدفین میں شرکت کے لیے بائی روڈ راستے کھولے جائیں۔

اجتماع سے قونصل جنرل ایران مہران موحد فر اور ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی نے پاکستانی عوام کی ایران سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ تعزیتی ریفرنس سے علامہ محمد افضل حیدری، علامہ محمد رمضان توقیر، مولانا کرم علی حیدری، پروفیسر عابد حسین عابدی، علامہ ضیاء الحسن نجفی، مولانا اقبال زیدی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما حیدر عباس ثقفی، جے ایس او کے مرکزی صدر فتح محمد رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سابق وفاقی وزیرِ تعلیم سید منیر حسین گیلانی بھی تعزیتی اجتماع میں شریک ہوئے۔

3:58 شام اپریل 23, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔