پاک سعودی دفاعی معاہدے میں ایران اور ترکیہ کو بھی شامل کیا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن
شیعیت نیوز : جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں ایران اور ترکیہ کو بھی شامل کیا جائے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، لیکن امریکا کا رویہ درست نہیں ہے۔ اسرائیل اور امریکا نے سید علی خامنہ ای اور اسکول کو نشانہ بنایا، جنگ بندی کے باوجود اسرائیل غزہ میں مظلوم عوام کو نشانہ بنا رہا ہے اور جنگ بندی کے دوران لبنان پر بھی حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے مذاکرات کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ کچھ کر نہیں سکتے، بلکہ امریکا کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ امریکا اگر مذاکرات کر رہا ہے تو وہ اس کی مجبوری ہے، کیونکہ پورا یورپ اس کے خلاف ہو گیا ہے، خلیج میں اربوں روپے خرچ کر کے اڈے بنائے گئے جو بے کار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی جوہری پروگرام عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ، مسلم ممالک مشترکہ مؤقف اختیار کریں، علامہ قادری
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امریکا نے اس سے پہلے بھی مذاکرات کے نام پر دھوکا کیا، ایران کی قیادت کو مبارک باد دیتے ہیں کہ انہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔ امریکا انسان دوستی میں نہیں بلکہ اپنے نقصان کی وجہ سے مذاکرات کے راستے پر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور ایران ہی ہیں جنہوں نے امریکا کی طاقت کو کم کیا ہے، امریکا پوری دنیا میں تنہائی کا شکار ہے، ایران آبنائے ہرمز پر امریکی گھیراؤ ختم ہونے تک مذاکرات نہیں کرے گا، ہم ایران کو سپورٹ کرتے ہیں۔
داخلی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں یونیورسٹی روڈ مذاق بن گئی ہے، پیپلز پارٹی ملک کے بزرگوں کی بی ٹیم ہے اور کراچی میں کوئی پروجیکٹ مکمل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی میئر کراچی کے خلاف عدمِ اعتماد لائے گی۔
مرکزی امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 25 اپریل سے ملک بھر میں ممبر سازی مہم شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے کیے ہوئے ہیں، جو بجلی پیدا نہیں ہوتی اس کے پیسے عوام بھر رہی ہے، جماعت اسلامی پیٹرولیم لیویز کے خلاف عدالت جائے گی۔







