ایران کا امریکا کو سخت انتباہ، نئے حملے کی صورت میں پہلے سے طے شدہ اہداف فوری نشانہ بنائیں گے

22 اپریل, 2026 10:44

شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے کوئی نیا حملہ کیا گیا تو وہ پہلے سے طے شدہ اہداف کو فوری طور پر نشانہ بنائیں گی۔

یہ انتباہ ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز نے امریکی صدر ٹرمپ اور امریکی فوجی قیادت کی جانب سے بار بار دھمکیوں کے بعد جاری کیا۔ ترجمان کے مطابق ایرانی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ہر وقت کارروائی کے لیے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو ایرانی فورسز فوری اور بھرپور انداز میں پہلے سے مقرر کردہ اہداف کو نشانہ بنائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس اور ادارہ منہاج الحسینؑ کا مشترکہ اجلاس، پاکستان کو امنِ عالم کا سفیر بنانے کا عزم

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ پاکستان کے حکام کی درخواست پر ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کر دی گئی ہے، جبکہ ایران کی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھی جائے گی۔

اس سے قبل ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے یک طرفہ طور پر جنگ بندی میں توسیع کی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے مذاکرات کے لیے امریکی شرائط کو مسترد کیا ہے، جبکہ مشیر اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی جنگ بندی میں توسیع کا کوئی مطلب نہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف کے مشیر نے کہا ہے کہ ناکہ بندی کا تسلسل بمباری سے مختلف نہیں اور اس کا جواب فوجی کارروائی سے دیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستانی قیادت نے ہم سے کہا ہے کہ ایران پر حملہ نہ کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی میں تب تک توسیع کی جا رہی ہے جب تک بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔

12:13 شام اپریل 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔