اسرائیلی جارحیت نہ روکی گئی تو خطے کے مزید ممالک نشانہ بن سکتے ہیں، راشد محمود سومرو

21 اپریل, 2026 10:24

شیعیت نیوز : جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ طاقتور ممالک اپنی معیشت کو مضبوط بنانے اور اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے کمزور ممالک پر دھاوا بول رہے ہیں اور ان کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، اگر اسرائیل کی جارحیت کو نہ روکا گیا تو فلسطین، لبنان اور ایران کے بعد پاکستان اور سعودی عرب بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار کی سازشیں برسوں سے جاری ہیں اور اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے بعد لبنان پر حملہ اس کی واضح مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ طاقتور ممالک کے زیر اثر ہے جبکہ جاری کشیدگی کے نتائج نہ امریکہ کے مفاد میں ہوں گے اور نہ ایران کے۔

یہ بھی پڑھیں : سلطان پور میں چہلمِ شہید رہبر پر عظیم اجتماع، اتحاد و یکجہتی پر زور

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور قطر کا کردار قابل تحسین ہے۔ علامہ سومرو نے کہا کہ اگر حرمین شریفین یا پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اربوں مسلمان اور جے یو آئی کے کارکنان ان کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے 2018ء اور 2024ء کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں عوام کی حقیقی نمائندہ نہیں بلکہ فارم 47 کی پیداوار ہیں، اس لیے شفاف اور ازسرنو انتخابات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں تعطل ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے معاملے پر ایران کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ایران کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران آئی ایم ایف کے غلام ہیں، مان لو کہ آپ غلام ہیں آپ اپنی داخلہ و خارجی پالیسی خود نہیں بنا سکتے، عام دنوں میں پیٹرول کی کمی ایران سے تیل لے کر پوری کی جارہی تھی، حالات خراب ہوئے اور آبنائے ہرمز بند ہوا اور امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کا جھنڈا لگائے 10 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، اگر 10 جہاز پاکستان کا جھنڈا لگا کر واشنگٹن پہنچ سکتے ہیں تو وہ جہاز ایران سے پاکستان کیوں نہیں آسکتے، سستی قیمت پر عوام کو تیل کیوں مہیا نہیں کیا جاتا، حکمران ایران سے سستا تیل لینے کی ہمت نہیں کرسکتے۔

11:54 صبح اپریل 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔