ایران نے نئی تاریخ رقم کی ہے، چالیس روزہ جنگ میں شیعہ سنی فاصلہ ختم ہوا، خواجہ سعد رفیق
شیعیت نیوز : خواجہ سعد رفیق کا اہم بیان: "ایران نے نئی تاریخ رقم کی ہے، چالیس روزہ جنگ میں شیعہ سنی فاصلہ ختم ہوا”
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاست کے میدان میں آدھی صدی گزر چکی ہے، مگر سمجھ سے بالاتر ہے کہ اتنی بڑی جمعیت سے ریاست نے فائدہ کیوں نہیں اٹھایا۔ اگر جمعیت نہ ہوتی تو انتہا پسندی پاکستان کے گلی کوچوں میں پھیل جاتی، اس امر کا ادراک ریاست کو نہیں ہوا۔
وہ جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام لاہور میں سید سلیمان گیلانی مرحوم کی یاد میں منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مولانا فضل الرحمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک ملاقات کے بعد سید سلیمان گیلانی کے ساتھ دیر تک رفاقت رہی۔ سلیمان گیلانی کا کلام نبی کریم ﷺ کی شان بیان کرنے کیلئے یدطولیٰ تھا۔ پاکستان نعت کونسل کے قیام میں سلیمان گیلانی کا کردار بھی نمایاں تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 3375 شہید، حتمی اعداد و شمار جاری
انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی مجھے بڑی خوشی ہے کہ قومی پرچم دنیا میں سربلند ہوا ہے۔ پہلگام میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو مودی صاحب اور ان کے ساتھیوں نے سستی شہرت کے لیے پاکستان پر حملہ کیا۔ پاکستان نے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگر معرکہ حق نہ ہوتا تو کسی کو خبر نہ ہوتی کہ پاکستان فوج کی طاقت کیا ہے۔ ہندوستان نے جنگ تو رکوا لی لیکن ایکسپوز ہو گئے۔ اللہ کی نصرت آئی تو پوری دنیا نے آپ کی طرف دیکھنا شروع کر دیا۔ غزہ میں نسل کشی پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور دعا تھی اللہ کفر کو برباد کرے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے معصومین کا لہو دیپاچہ ہے۔ ایران نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ چالیس روزہ جنگ میں شیعہ سنی فاصلہ ختم ہوا۔ پوری دنیا نے امریکہ سے کنارہ کشی اختیار کی۔ ٹرمپ جو مرضی کر لے، اللہ نے ہاتھیوں کو ابابیلوں سے مروا دیا ہے۔ حیران ہوا ہوں کہ مصر تک نے امریکہ کی ڈکٹیشن نہیں لی۔







