اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کو محدود کرنا ضروری ہے، سابق امریکی عہدیدار

18 اپریل, 2026 01:50

شیعیت نیوز : امریکا میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان "اسرائیل اب لبنان پر مزید بمباری نہیں کرے گا” پر ردعمل دیتے ہوئے جوکینٹ نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ایک تاریخی معاہدہ ہونے کے قریب ہے اور اگر صدر ٹرمپ اسرائیل پر عائد کردہ پابندیوں کو برقرار رکھیں گے تو یہ معاہدہ برقرار رہ سکتا ہے۔

جوکینٹ نے کہا کہ یہ پوسٹ ایک اچھے آغاز کا اشارہ ضرور ہے، لیکن اس کے بعد اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کو محدود کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکا میں اختلافات برقرار، جوہری معاملات پر مذاکرات کی ضرورت برقرار

اس سے قبل گزشتہ دنوں جوکینٹ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو کنٹرول نہ کیا گیا تو آئندہ مذاکرات ناکام ہوں گے، اسرائیل کو فیصلہ سازی تک رسائی دینا مذاکرات کے لیے نقصان دہ ہے۔ خیال رہے کہ 17 مارچ کو امریکا کے اعلیٰ انسدادِ دہشتگردی عہدیدار جو کینٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ پر اختلاف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اپنے استعفے میں جو کینٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ضمیر کے مطابق اس جنگ کی حمایت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایران امریکا کے لیے کوئی فوری خطرہ نہیں تھا اور یہ جنگ اسرائیل اور اس سے منسلک بااثر لابیز کے دباؤ کے باعث شروع کی گئی۔ واضح رہے کہ جو کینٹ ایک سابق امریکی اسپیشل فورسز اہلکار ہیں، جنہوں نے متعدد جنگی مشنز میں حصہ لیا، جبکہ بعد ازاں وہ سی آئی اے سے بھی وابستہ رہے۔ انہیں چند ماہ قبل ہی سینیٹ کی منظوری کے بعد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

3:49 صبح اپریل 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔