رہبر معظم کی شہادت نے اپنا خون دے کر بکھری ہوئی امت کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا، متحدہ طلبہ محاذ

16 اپریل, 2026 12:35

شیعیت نیوز: رہبر معظم شہید اسلام امام خامنہ ای نے امت مسلمہ کو مزاحمت، استقامت اور شجاعت کا ایسا سبق دیا ہے جو صدیوں بعد بھی یاد رکھا جائے گا۔

امام خامنہ ای شہید نے اپنا خون دے کر بکھری ہوئی امت کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا، ان کی شہادت عالم اسلام اور مظلومینِ جہاں کا نقصان ہے۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام متحدہ طلبہ محاذ کے سربراہی اجلاس بعنوان ’’سٹوڈنٹس لیڈر کانفرنس‘‘ کے شریک طالبعلم رہنماؤں نے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ بندی کی پاسداری کرے گا، خلاف ورزی نہ ہوئی تو سفارت کاری جاری رہے گی: ایرانی قونصل جنرل

اس موقع پر مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سید امین شیرازی نے کہا کہ رہبر معظم شہید امام خامنہ ای فقط اہل ایران یا اہل تشیع کے رہبر و شہید نہیں بلکہ وہ امت مسلمہ کے رہبر و شہید ہیں۔ ان کی شہادت سے مظلومینِ جہاں، چاہے ان کا تعلق فلسطین سے ہو یا غزہ سے، لبنان سے ہو یا عراق سے، شام سے ہو یا یمن سے، پاکستان سے ہو یا حجاز سے، ہر دل زخمی ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بہ یک وقت ولی فقیہ بھی تھے اور مظلوم اہل غزہ کے سب سے بڑے پشتبان بھی، وہ اہل لبنان کی امید بھی تھے اور اہل عراق کے دلوں کی دھڑکن بھی، ان کا درد اہل پاکستان نے بھی ویسا ہی محسوس کیا جیسا اہل ایران نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید رہبر معظم سید علی خامنہ ای نے آج کے فرعون و شیطان اکبر کے سامنے جھکنے سے انکار کیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا، وہ چمکتے سورج کی طرح تاریخ کے ماتھے پر اپنے خون کی سرخی سے ہمیشہ دمکتے رہیں گے۔

متحدہ طلبہ محاذ کے صدر رانا عثمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امام خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر مسلط کردہ امریکی و اسرائیلی جنگ سے دنیا پر واضح ہو چکا ہے کہ حق کون ہے اور باطل کون ہے۔ حق کے طرفدار آج میدان کربلا میں کھڑے ہیں جبکہ امریکہ و اسرائیل کی حمایت کرنے والے یزیدانِ عصرِ نو کے ساتھی ہیں۔

مرکزی ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان آفتاب حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اتحاد و وحدت کے ساتھ عالمی استعمار کے مقابل ایران کی قیادت میں جدوجہد میں شامل ہو کر قبلہ اول کی آزادی کی تحریک کا حصہ بنے۔

مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فرحان عزیز نے کہا کہ ہم بطور طالبعلم ایران اور ان کے رہنماؤں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اہل ایران نے اسلام و مسلمین کا قرض ادا کیا ہے، جس پر انہیں سرخ سلام ہے۔ امریکہ و اسرائیل جلد تباہ ہوں گے اور قبلہ اول اسرائیل کے قبضے سے آزاد ہوگا۔

سٹوڈنٹس لیڈر کانفرنس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ن)، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ق)، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، اسلامی جمعیت طلبہ اور جمعیت طلبہ اسلام (فضل الرحمٰن) کے رہنما شریک ہوئے جبکہ کانفرنس کی میزبانی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے کی۔

2:22 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔