امریکا کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان، تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ
شیعیت نیوز : امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے لیے دیا گیا الٹی میٹم ختم ہو گیا ہے، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ اہم سمندری گزرگاہ کی بحالی کے لیے برطانیہ اور فرانس نے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر ایک اہم میڈیا بریفنگ کے دوران اعلان کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے، لیکن امریکا اب ایران کی معاشی ناکہ بندی کے لیے سخت ترین اقدامات کرنے جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ایران کی فوجی اور بحری طاقت کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی بحریہ کے 158 جہاز تباہ کر دیے گئے ہیں اور امریکا آبنائے ہرمز کی مکمل ناکہ بندی کر رہا ہے تاکہ ایران اپنا تیل عالمی منڈی میں فروخت نہ کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں : چہلم شہید رہبر کی مناسبت سے دفتر رہبری کربلاء معلیٰ میں مجلس ترحیم
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کے وقت کے مطابق شام 7 بجے سے ناکہ بندی کا نفاذ شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں United States Central Command نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ایرانی جہاز کو آبنائے ہرمز سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی حکام کے مطابق ایران کو ٹول ادا کرنے والے جہازوں کو بھی بندش کا سامنا کرنا ہوگا۔ ناکہ بندی کا نفاذ خلیج اور بحیرہ عمان میں بھی ایرانی بندرگاہوں پر ہوگا، تاہم دیگر ممالک کے جہازوں کی آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
امریکی نیوی کے مطابق آبنائے ہرمز میں آنے اور جانے والے جہازوں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ ایران کی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے جہازوں کو بھی روکنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے اور ضرورت پڑنے پر ایسے جہاز ضبط بھی کیے جا سکتے ہیں۔







