ایران کے زخمیوں کیلئے پاکستان سے طبی امداد روانہ
شیعیت نیوز : تحریک بیداری امت مصطفیٰ، جامعہ عروۃ الوثقیٰ اور لاہور کے ممتاز طبی مرکز ’’مفازۃ الحیات‘‘ ہسپتال کی جانب سے ایران میں زخمی ہونے والے شہریوں کی طبی امداد کے لیے علامہ سید جواد نقوی کی نگرانی میں اعلیٰ معیار کی طبی امداد بھجوائی جا رہی ہے۔ ترجمان تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے مطابق طبی سامان کی ایک کھیپ روانگی کے لیے تیار ہے، جس میں کینسر کے خلاف ادویات، ہنگامی ادویات، جراحی سامان، ابتدائی طبی امداد کی ادویات، اینٹی بائیوٹکس اور دیگر ضروری ادویات شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ان ادویات کو ایرانی قونصل خانے کے ذریعے تہران روانہ کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم خاص طور پر ان تمام معزز بھائیوں اور بہنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے فراخدلی سے عطیات دے کر ان ادویات کی خریداری میں ہماری مدد کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین: علامہ شہنشاہ نقوی
انہوں نے کہا کہ مفازۃ الحیات اور پاکستان کے غیور عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے لیے مسلسل اور بلاتعطل طبی امداد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے مخیر حضرات سے بھی اس حوالے سے تعاون کی درخواست کی۔







