ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین: علامہ شہنشاہ نقوی
شیعیت نیوز : جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پاکستان کی ثالثی میں منعقد ہونے والے ایران امریکا مذاکرات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا موجودہ عالمی صورتحال، بالخصوص امریکا ایران کشیدگی کے حوالے سے کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہونے کے ناطے ہمیشہ امن اور استحکام کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور اس موقع پر بھی یہی توقع کی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں رہبرِ شہید کے چہلم پر پروقار تقریب، ’بعثتِ خون‘ کا انعقاد
انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جارحیت کی گئی، جس کے باعث ایران کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا اور وہ ایک مظلوم فریق کے طور پر سامنے آیا۔
علامہ شہنشاہ نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 47 برسوں پر محیط اختلافات کو ایک ہی نشست میں حل کرنا ممکن نہیں، جبکہ مذاکرات کے دوران باہمی اعتماد کا فقدان بھی واضح رہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ماضی میں بھی ایران کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، اور اوباما دور میں طویل مذاکرات کے بعد طے پانے والے جوہری معاہدے کو ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ختم کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے کسی بھی ممکنہ معاہدے کے لیے عالمی سطح پر ضمانتیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے نتیجتاً کہا کہ موجودہ مذاکرات کسی حتمی پیش رفت کے بغیر اختتام پذیر ہوئے اور اس امر کی ضرورت ہے کہ امریکا ایران کے جائز حقوق کا احترام کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔







