کراچی میں رہبرِ شہید کے چہلم پر پروقار تقریب، ’بعثتِ خون‘ کا انعقاد
شیعیت نیوز : شہرِ قائد میں واقع خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران میں شہید رہبرِ معظم امام سید علی خامنہ ای کے چہلم کی پُروقار تقریب بعنوان ’بعثتِ خون‘ منعقد ہوئی۔
تقریب میں ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ڈاکٹر سعید طالبی نیا کی موجودگی میں کراچی شہر کے سینکڑوں عاشقانِ شہید رہبر، مرد اور خواتین نے بھرپور شرکت کی، جن میں شیعہ و سنی علماء کرام، دانشور، اساتذہ، سماجی کارکنان، وکلاء، شعرا، نوحہ خواں، طلبہ، فنکار اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا رویہ بدلے تو معاہدہ ممکن ہے، ایرانی صدر
تقریب میں کراچی کے ان چھ شہداء کے خانوادوں نے خصوصی طور پر شرکت کی، جو کراچی میں امریکی میرینز کی براہ راست فائرنگ سے اس وقت شہید ہوئے، جب وہ دیگر جوانوں کے ہمراہ رہبرِ معظم امام سید علی خامنہ ای کی شہادت کے پہلے ہی روز کراچی میں امریکی قونصل خانے کے اندر داخل ہو کر احتجاج کر رہے تھے۔
کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل خانے کے عملے، اساتذہ اور دیگر ایرانی اہلکاروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآنِ پاک کی تلاوت سے ہوا، اس کے بعد حضرت امام سید علی خامنہ ای شہید کے بیانات اور تصاویر پر مشتمل ویڈیوز دکھائی گئیں۔
مزید برآں مزاحمت، ایثار اور شہادت کی ثقافت سے متعلق ویڈیو کلپس بھی چلائی گئیں، جو ان کی قیادت میں تشکیل پائی، جس سے تقریب کا ماحول انقلابی اور روحانی جذبے سے لبریز ہوگیا۔
تقریب سے ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ، معروف اہلِ سنت مفتی فضل ہمدرد، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید حسن ظفر نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔







