آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول برقرار، امریکی دعویٰ مسترد
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے امریکی سینٹ کام کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر اب بھی ایران کا کنٹرول برقرار ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کا امریکی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزارنے کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے اور اسے سختی سے مسترد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے کسی بھی بحری جہاز کی آمد و رفت کا اختیار صرف ایران کی مسلح افواج کے پاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کے سخت مطالبات، ایران امریکا مذاکرات بغیر معاہدہ ختم
اس سے قبل United States Central Command (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں ہٹانے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں امریکی بحریہ کے میزائلوں سے لیس دو ڈسٹرائر تعینات کیے گئے ہیں، جو اس آبی گزرگاہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
سینٹ کام کے مطابق دونوں بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر کر خلیج عرب میں آپریشنز انجام دے چکے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں اضافی امریکی فوج اور زیرِ آب ڈرونز بھی اس آپریشن میں شامل کیے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ آزادانہ تجارت کے فروغ کے لیے اس محفوظ راستے کو جلد میری ٹائم صنعت کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔







