کوئٹہ میں تعزیتی ریفرنس، بلوچستان کے رہنماؤں کا سید علی حسینی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت
شیعیت نیوز: بلوچستان کے سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر سید علی حسینی خامنہ ای نے امریکہ کے سامنے سرنڈر کرنے کے بجائے اپنی جان قربان کرکے ہمیشہ کے لیے تاریخ میں امر مقام حاصل کیا۔
کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایرانی عوام نے بھرپور قومی یکجہتی اور شعوری مزاحمت کے ذریعے دنیا کے سامنے امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کو بے نقاب کیا۔ ان کے مطابق یہ جنگ محض ایران، امریکہ اور اسرائیل کی نہیں بلکہ فلسطین کی آزادی کی جنگ ہے۔
تعزیتی تقریب سے عبدالمالک بلوچ، عبدالرحیم زیارتوال، عبدالقادر لونی، آغا حسن بلوچ، انوار الحق حقانی اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ سید علی حسینی خامنہ ای نے ظلم و استکبار کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی قربانی سے مزاحمت کو نئی طاقت بخشی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے عوامی حمایت کے ساتھ صہیونی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنایا اور عالمی سطح پر اپنی خودمختاری کا دفاع کیا۔
یہ بھی پڑھیں : جیکب آباد میں رہبرِ انقلاب سید علی حسینی خامنہ ای کے چہلم پر تعزیتی تقریب
رہنماؤں نے مزید کہا کہ امریکہ نے حسن نصر اللہ اور اسماعیل ہنیہ سمیت دیگر مسلم قائدین کو نشانہ بنایا، تاہم وہ ایران پر قبضہ کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے عالمی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، عالمی عدالت انصاف اور دیگر انسانی حقوق کے ادارے ایسے حالات میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا نوآبادیاتی نظام مذاکرات کے بجائے طاقت کے استعمال پر یقین رکھتا ہے، جبکہ امریکہ ایران کو ایٹمی پروگرام کے حوالے سے دباؤ میں رکھتا ہے لیکن اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں پر خاموش ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک کو تفرقہ بازی سے نکل کر اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ ان کے مطابق اگر مسلم دنیا متحد ہو جائے تو کوئی طاقت اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے ایران اور فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔







