جیکب آباد میں رہبرِ انقلاب سید علی حسینی خامنہ ای کے چہلم پر تعزیتی تقریب

10 اپریل, 2026 08:34

شیعیت نیوز: رہبرِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ شہید سید علی حسینی خامنہ ای کے چہلم کی مناسبت سے جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین ﷺ جیکب آباد میں ایک باوقار تعزیتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، ائمہ جمعہ و جماعت اور مختلف دینی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

تعزیتی ریفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت و صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی، شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ مشتاق حسین عمرانی، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، سابق صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ برکت علی مطہری اور آئی ایس او پاکستان کے مرکزی ترجمان حمزہ سبزواری نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رہبرِ شہید سید علی حسینی خامنہ ای کی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، حقیقی اسلامی افکار و نظریات کی ترویج اور باطل قوتوں کے خلاف جدوجہد میں گزری۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ شہید ہمیشہ دشمنانِ خدا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے اور بالآخر ظلم و استکبار کی قوتوں، خصوصاً ڈونلڈ ٹرمپ اور بنیامین نیتن یاہو جیسے عناصر کی سازشوں کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رہبرِ شہید کا بے داغ کردار اور پاکیزہ سیرت پوری امتِ مسلمہ اور عالمِ انسانیت کا مشترکہ اثاثہ ہے۔

شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ مشتاق حسین عمرانی نے کہا کہ رہبرِ معظم سید علی حسینی خامنہ ای نے مکتبِ امام خمینیؒ کو عالمی سطح پر روشناس کرایا اور انسانیت کو قرآن، سنت اور علومِ اہل بیتؑ کی روشنی سے منور کیا۔

مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ رہبرِ معظم ایک مدبر، دانا اور با بصیرت قائد تھے، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں انقلابِ اسلامی اور امتِ مسلمہ کی کامیاب قیادت کی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی ہائی کمشنر کا دعویٰ، اسلام آباد مذاکرات جنگ بندی کو مستقل معاہدہ بنا سکتے ہیں

سابق صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ رہبرِ شہید کا کردار اتحادِ امت، مزاحمت اور حق کے دفاع کی روشن مثال ہے، جس سے نئی نسل کو رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ برکت علی مطہری نے کہا کہ رہبرِ شہید نے اپنی فکری، علمی اور انقلابی قیادت کے ذریعے دنیا بھر کے مظلوموں میں شعور بیدار کیا۔

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی ترجمان حمزہ سبزواری نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے رہبرِ شہید کی حیاتِ مبارکہ ایک مثالی نمونہ ہے، جس سے استقامت، بصیرت اور حق پرستی کا درس ملتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر رہبرِ مسلمینِ جہان حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے تجدیدِ عہد کیا گیا، جبکہ رہبرِ شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور ملک و ملت، امتِ مسلمہ کی سلامتی اور اہلِ حق کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

10:24 صبح اپریل 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔