پاکستانی ہائی کمشنر کا دعویٰ، اسلام آباد مذاکرات جنگ بندی کو مستقل معاہدہ بنا سکتے ہیں

10 اپریل, 2026 08:31

شیعیت نیوز: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان بھی اس جنگ بندی کا حصہ ہے، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اسے مستقل معاہدے میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات مثبت پیش رفت کریں گے اور جنگ بندی کو ایک پائیدار معاہدے میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے امن کی اس کوشش کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جو چند ہفتے قبل تک موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان فاصلے کے باوجود مسئلے کے حل کی سنجیدہ خواہش پائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملتان میں تعزیتی ریفرنس، رہبر معظم سید علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت

ہائی کمشنر کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل اس معاملے پر کام کر رہے ہیں، جبکہ دفتر خارجہ بھی بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 10 دن اس حوالے سے نہایت اہم اور مصروف رہے ہیں اور پاکستان کو یقین ہے کہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنان کے حوالے سے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان بھی اس جنگ بندی کا حصہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں اسحاق ڈار کے دورۂ چین کے دوران چینی قیادت نے بھی اس جنگ کے خاتمے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جو اس عمل کو مزید تقویت دے سکتی ہے۔

10:24 صبح اپریل 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔