ایرانی فوجی قیادت کا ٹرمپ کو دوٹوک جواب، دھمکیوں کو وہم قرار دے دیا
شیعیت نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کو وہم پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کو رسوائی کا سامنا ہے۔
ایرانی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ کی دھمکیاں نہ تو مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کی ذلت اور رسوائی کی تلافی کر سکتی ہیں اور نہ ہی خطے میں اس کی ناکامیوں کو چھپا سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حافظ نعیم الرحمان کی ایرانی سفیر سے ملاقات، ایران سے یکجہتی کا اظہار
ایرانی فوجی حکام کے مطابق امریکا کی جانب سے بڑھتی ہوئی دھمکی آمیز زبان دراصل مشرقِ وسطیٰ میں اس کی ناکامی اور رسوائی کا اعتراف ہے، جسے اس طرح کے بیانات سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ ایران دھمکیوں اور دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا اور اگر امریکا نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا، جس کے نتائج خطے کے لیے سنگین ہو سکتے ہیں۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی بڑھنے کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے اور معاہدے کے لیے آج رات تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کے لیے آج کی ڈیڈ لائن حتمی ہے، انہوں نے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کے پاور پلانٹس اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی اور کہا کہ اگر ڈیل نہ ہوئی تو بارہ بجے سے پہلے ایران میں ہر پاور پلانٹ تباہ کر دیا جائے گا۔







