علامہ مقصود علی ڈومکی کا خیرپور تنظیمی دورہ: رہبر شہید کے عہد کو نبھانے کا عزم، ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی

06 اپریل, 2026 16:20

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع خیرپور کا تنظیمی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے خیرپور میں واقع جامعہ الولایہ میں ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مضبوط اور منظم جماعت کے ذریعے ہی قومی اور ملی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرتے ہوئے جماعت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ رہبر شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کے ساتھ کیے گئے عہد و پیمان کو ہم اپنی زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک نبھائیں گے۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین ضلع خیرپور کے رہنماء مولانا سعید احمد سولنگی نے ضلع میں جاری تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ تعلقہ کوٹ ڈیجی اور گمبٹ میں جلد تحصیل کنونشن منعقد کیے جائیں گے، جن میں تحصیل صدور کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

اس موقع پر ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محمد یوسف جلبانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے مظلوم عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور پاکستانی قوم اپنے ہمسایہ اسلامی ملک ایران کے ساتھ ہر قدم پر ساتھ دے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کو سلام ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے، حافظ نعیم الرحمن

اجلاس میں مختلف تعلقہ جات کی تنظیمی کارکردگی بھی پیش کی گئی۔ تعلقہ کوٹ ڈیجی کے آرگنائزر برادر ذاکر حسین مہرانی نے بتایا کہ وہاں مجلس وحدت مسلمین کے 10 یونٹس قائم ہو چکے ہیں، جبکہ اس ہفتے مزید دو یونٹس کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تعلقہ فیض گنج کے صدر مولانا علی حسن نے بتایا کہ تعلقہ میں مجلس وحدت مسلمین کے 17 یونٹس قائم ہو چکے ہیں۔ اسی طرح تعلقہ کنگری کے سینئر نائب صدر اور سیکرٹری سیاسیات نے بھی اپنے تحصیل کی تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

آخر میں صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ہدایت جاری کی کہ دو ہفتوں کے اندر تمام تعلقہ جات کا تنظیمی سیٹ اپ مکمل کیا جائے تاکہ جلد از جلد ضلعی کنونشن کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔

بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی ببرلو پہنچے جہاں انہوں نے مومنین ببرلو کے زیر اہتمام مظلوم ایرانی قوم سے اظہار یکجہتی کے لیے قائم امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود افراد سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حق و باطل کی اس جنگ میں پاکستانی قوم اہلِ حق کے ساتھ کھڑی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل جیسی شیطانی قوتیں ذلیل و رسوا ہو چکی ہیں اور ان کا انجام عبرتناک ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کا عبرتناک انجام قریب ہے اور مظلوموں کی کامیابی یقینی ہے۔

6:23 شام اپریل 6, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔