آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : جیکب آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی و صوبائی آرگنائزر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اس صدی کے عظیم رہبر اور مدبر قائد تھے، جنہوں نے نصف صدی تک امت مسلمہ اور غیور ایرانی قوم کی درست سمت میں رہبری و رہنمائی کی۔ ان کے افکار و تعلیمات میں رہبر کبیر، بانیٔ انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کا واضح عکس نمایاں تھا۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد میں مسجد نبویؐ میں منعقدہ ایک درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے عالمی استکباری نظام، شیطان بزرگ امریکہ اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف جس جرات، استقامت اور حکمت کے ساتھ جدوجہد کی، وہ پوری امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی قیادت نے مظلوم اقوام کو حوصلہ، بیداری اور مزاحمت کا شعور عطا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی قوم کی استقامت قابلِ تحسین، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، علامہ حسن ظفر نقوی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ منافقین ہر دور میں دینِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امت مسلمہ کے لیے ایک بڑی آزمائش اور مصیبت رہے ہیں۔ آج بھی یہی عناصر مختلف حیلوں اور بہانوں سے امت کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ دوست کو دشمن اور دشمن کو دوست بنا کر امت کو اس کے اصل اہداف سے دور کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو عناصر امریکہ، اسرائیل اور ان کے آلۂ کاروں کو امت مسلمہ کا ہمدرد ظاہر کرتے ہیں، درحقیقت وہ امت کے خیرخواہ نہیں بلکہ خائن ہیں۔ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہے۔ ڈالر اور ریال کے پجاری دینِ خدا کو معمولی مفادات کے عوض فروخت کرکے اپنے نفسِ امارہ کی پیروی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیور ایرانی قوم اور مسلح افواج نے جس جرات، بہادری اور استقامت کے ساتھ اسلام دشمن قوتوں، خصوصاً امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کیا ہے، وہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک روشن مثال اور مشعلِ راہ ہے۔ آخر میں انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ بیداری، وحدت اور استقامت کا راستہ اختیار کرے اور اپنے حقیقی دشمن کو پہچان کر اس کے خلاف متحد ہو جائے۔







