فلسطین اور عالمی امن کیلئے اسرائیل سمیت عالمی دہشتگردی سنگین خطرہ ہے، گورنر سندھ

31 مارچ, 2026 17:58

شیعیت نیوز : نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ایک پرامن ملک ہے جہاں بعض عالمی عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ملکی قیادت امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان میں پٹرولیم اور توانائی کا کوئی بحران نہیں، اور ملک عالمی سطح پر ایک مستحکم اور تعمیری قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی وارننگ: ٹارگٹ کلنگ کے بدلے امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنایا جائے گا

تقریب میں بار کے صدر حسیب جمالی، سیکریٹری جنرل فریدہ منگریو اور وکلا کی بڑی تعداد نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ فریدہ منگریو نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ نہال ہاشمی وکلا برادری کے دیرینہ مسائل کے حل میں کردار ادا کریں گے۔

گورنر سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکالت ایک معزز پیشہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے خاص مقام دیا ہے، اور پاکستان کے وکلا قائد اعظم محمد علی جناح کے وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں وکلا کا کردار نہایت اہم ہے اور پیشے کی عظمت کو برقرار رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان میں وکلا نے کلیدی کردار ادا کیا اور آج ملک کو مستحکم کرنا ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر فورم پر وکلا برادری کے مسائل اٹھائیں گے اور قائداعظم کے اصولوں کے مطابق ایک منصفانہ معاشرہ تشکیل دینے میں کردار ادا کریں گے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ہم آہنگی، مکالمے اور باہمی احترام پر مبنی ہے، جبکہ فلسطین اور عالمی امن کے لیے اسرائیل سمیت عالمی دہشتگردی ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

7:23 شام مارچ 31, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔