جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کیلئے جنوبی پنجاب میں احتجاجی ماتمی ریلی
شیعیت نیوز : جنوبی پنجاب: مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام عالمی یومِ انہدام جنت البقیع کے سلسلے میں گھنٹہ گھر چوک سے نواں شہر چوک تک احتجاجی ماتمی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے قائدین علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، انجینئر سخاوت علی سیال، سید دلاور عباس زیدی اور دیگر نے کی۔ ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں علم حضرت عباسؑ، مجلس وحدت مسلمین کے جھنڈے، رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی تصاویر، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر اور بے حرمتی کے خلاف نعرے درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں : استحکام پاکستان کانفرنس، قومی اتحاد اور یکجہتی پر زور
ریلی سے خصوصی خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کیا۔ علاوہ ازیں ریلی سے علامہ اقتدار حسین نقوی اور علامہ قاضی نادر حسین علوی نے بھی خطاب کیا۔ رہنماؤں نے اپنے خطاب میں جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پورا عالم اسلام اس احتجاج میں شریک ہے کیونکہ یہ کسی مکتب کا نہیں بلکہ اسلام کا معاملہ ہے۔ آج خلیجی ممالک امریکہ و اسرائیل کے پٹھو بنے ہوئے ہیں، جبکہ ہمیں غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آج اسلام کی جنگ تنہا ایران لڑ رہا ہے جبکہ دیگر اسلامی ممالک یا تو استعمار کے ہمنوا ہیں یا خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ریلی میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں میں ضلعی صدر عون رضا انجم ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا غدیر شیرازی، مولانا امیر حسین ساقی، مولانا غلام جعفر انصاری، غلام حسنین انصاری، مخدوم عون رضا شمسی، مخدوم حسن رضا مشہدی، رانا تیمور حسن، جواد رضا جعفری، سید فضل عباس نقوی، عاطف حسین سہرانی، یافث نوید ہاشمی، سید ندیم عباس کاظمی، مولانا علی رضا حسینی، حاجی طاہر بلوچ نمبردار، بشارت عباس قریشی، فخر نسیم صدیقی، ارتضیٰ حیدر نقوی، شعیب جعفری اور دیگر موجود تھے۔







