استحکام پاکستان کانفرنس، قومی اتحاد اور یکجہتی پر زور

29 مارچ, 2026 11:31

شیعیت نیوز : ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاؤن لاہور میں تحریک حسینیہ پاکستان و ادارہ منہاج الحسینؑ پاکستان کے زیر اہتمام ’’استحکام پاکستان کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کی جبکہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس میں پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی، وفاق المدارس الشیعہ کے جنرل سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری، جمعیت اہلحدیث کے علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ رائے ظفر علی، ڈاکٹر محمد رمضان سیالوی، ڈاکٹر میر آصف اکبر، علامہ حسن رضا باقر، علامہ محمد سبطین اکبر، علامہ غلام مصطفی نیئر علوی، ڈاکٹر اسامہ بخاری، شیعہ علما کونسل پنجاب کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی، صغیر عباس ورک سمیت دیگر اکابرین شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر حملہ اسلامی ممالک پر حملہ ہے، جنگ بندی میں پاکستان کا کردار تاریخی ہے: طاہر اشرفی

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز سے گزر رہا ہے، جس کے پیش نظر پوری قوم کو اتحاد، یکجہتی اور قومی شعور کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکامِ پاکستان محض نعرہ نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی قوتوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عناصر ملک میں انتشار پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، جنہیں ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع میں مصروف ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ دشمن قوتیں اختلافات کو ہوا دے کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، اس لیے عوام کو محتاط رہنے اور اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے ذریعے قومی بیانیے کو مضبوط بنائیں۔

کانفرنس کے اختتام پر علمائے کرام نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔

1:02 شام مارچ 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔