وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، امن کوششوں پر تبادلہ خیال
شیعیت نیوز : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں کی گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی ذلت آمیز تذلیل: ٹرمپ نے محمد بن سلمان کو کھلے عام پچھواڑہ چومنے والا قرار دے دیا
وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، بالخصوص شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور ان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی مؤثر راہ نکلے گی۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات پر اپنا مؤقف بیان کیا اور مذاکرات و ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں پاکستان کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔
آخر میں وزیراعظم نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔







