جیکب آباد میں ایران سے اظہارِ یکجہتی ریلی، بڑی تعداد میں عوام و رہنماؤں کی شرکت

27 مارچ, 2026 17:41

شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے بہادر عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کی جانب سے صوبائی آرگنائزر سندھ و مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ٹکنڈو سے ڈی سی چوک جیکب آباد تک ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس احتجاجی ریلی میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرنے والوں میں علامہ مقصود علی ڈومکی، سید غلام شبیر نقوی، نظیر حسین جعفری، اللہ بخش میرالی، سید کامران علی شاہ بخاری، استاد انتظار چھلگری، ندیم قریشی، مجید سرکی، سید احسان شاہ بخاری، جام انڑ، وزیر علی مشہدی، اظہار الحسن، استاد عبدالفتاح ڈومکی، ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو، میر گل حسن ٹالانی، علامہ سیف علی ڈومکی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں : نیتن یاہو اور موساد چیف میں اختلافات، ایران جنگ پر داخلی تنازع شدت اختیار کر گیا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جرات اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔

دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب میں ایران، فلسطین اور مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں اپنے برادر ممالک کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

مقررین نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور امت مسلمہ کو متحد ہو کر عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

ریلی میں شریک رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی مظلوم عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

7:22 شام مارچ 27, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔