امریکہ اب سپر پاور نہیں رہا، اسلامک بلاک کی ضرورت ہے: مولانا فضل الرحمان
شیعیت نیوز : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب امریکہ سپر پاور نہیں رہا اور موجودہ حالات میں اسلامی ممالک کو ایک بلاک کی صورت میں آگے بڑھنا چاہیے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر حالات کشیدہ ہیں، جبکہ وہ پہلے ہی تجویز دے چکے ہیں کہ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی اور ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور ٹانک میں بے امنی کی صورتحال ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی مزاحمت ناقابلِ شکست، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: علامہ باقر عباس زیدی
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بین الاقوامی اور قومی سطح پر واضح پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر طرف جنگی ماحول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق اور لیبیا کے بعد اب ایران کی صورتحال بھی سنگین ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں اسلامی دنیا کو متحد ہو کر اسلامک بلاک کی طرف جانا چاہیے، جبکہ امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو ٹرمپ جنگ ختم کرانے کی بات کرتا تھا، آج خود جنگ میں ملوث نظر آ رہا ہے۔







