ایران کی مزاحمت ناقابلِ شکست، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: علامہ باقر عباس زیدی

27 مارچ, 2026 10:17

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی نے ایران کی غیور قوم کی بے مثال استقامت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء کا لہو ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک روشن علامت ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مزاحمت ناقابلِ شکست ہے اور خطے میں صہیونی عزائم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت، مداخلت اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اور یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے قریب بمباری، سفارتی حلقوں میں تشویش

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جبکہ معصوم جانوں کا ضیاع اور خودمختار ممالک پر حملے عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید علی لاریجانی کا مسلم حکمرانوں کے نام خط ایک واضح پیغام ہے، جو امت مسلمہ کو بیدار کرنے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ قبلہ اول کے دعویدار کہاں ہیں جب مسلم خون بہایا جا رہا ہے، اور بعض عرب ممالک کی خاموشی ظلم کے تسلسل کو تقویت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک کے عوام اپنے حکمرانوں سے احتساب کریں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ملک سے امریکی اثر و رسوخ کا خاتمہ کیا جائے، جبکہ مظلوم اقوام کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

11:47 صبح مارچ 27, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔