ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کی کارروائی ناکام
شیعیت نیوز : ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں پولیس چیک پوسٹ کھتی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے بتایا جا رہا ہے، جنہوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : جب اتحادی پٹنے لگتے ہیں تو ٹرمپ مذاکرات کیلئے آ جاتا ہے، حافظ نعیم الرحمان
پولیس نے فوری کوئیک رسپانس دیتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد فرار ہوگئے، جبکہ حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی ڈویژن مرتضیٰ خان بنگش کی قیادت میں ڈیرہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دہشتگردوں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بموں اور بارودی مواد کو بی ڈی یو ٹیم نے ناکارہ بنا دیا۔







