جب اتحادی پٹنے لگتے ہیں تو ٹرمپ مذاکرات کیلئے آ جاتا ہے، حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران امریکا کی طاقت بے نقاب ہو چکی ہے اور جب اس کے اتحادی کمزور پڑتے ہیں تو ڈونلڈ ٹرمپ مصالحت کی طرف آ جاتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں پر شدید سوالات اٹھ رہے ہیں، اور خطے میں جاری کشیدگی نے عالمی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ حکومت نے جھوٹ بول کر یہ جنگ چھیڑی، سابق سی آئی اے چیف
انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ حکومت نے فی لٹر 55 روپے اضافہ کر دیا۔ ان کے مطابق اضافی ٹیکسز کے ذریعے حکومت کو 8 سے 9 ارب روپے حاصل ہو رہے ہیں، اور اگر لیویز ختم کر دی جائیں تو پیٹرول کی قیمت کم کی جا سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کے بلوں میں فکس چارجز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مڈل کلاس پر بوجھ بڑھایا جا رہا ہے جبکہ بڑے طبقے کو مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں نے آئی پی پیز کو فائدہ پہنچایا، جس کا بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں جنگی حالات کے باعث معیشت متاثر ہو رہی ہے اور حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں، جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی نظام میں تبدیلی آ رہی ہے اور موجودہ حالات نے کئی طاقتوں کی پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔







