ایران نے امریکا و اسرائیل کے عزائم ناکام بنائے: حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملا دیا، جس پر ایرانی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایک طرف عیدالفطر کی خوشیاں ہیں تو دوسری جانب غزہ کے بے گھر عوام ہیں۔ انہوں نے غزہ کے بچوں اور مجاہدین کو سلام پیش کیا جنہوں نے ملبے کے ڈھیر پر عید گزاری۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا اور حملوں کا آغاز اسکول کی 176 بچیوں پر حملے سے کیا گیا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کی مذمت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : شیعہ علماء کونسل پنجاب کا خانہ فرہنگ ایران کا دورہ، شہادت پر اظہارِ افسوس
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا ایران میں رجیم چینج کرنا چاہتا تھا لیکن اب مغرب میں تبدیلی کی بات ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق امریکا، اسرائیل اور بھارت کے ٹرائیکا نے دنیا کے امن کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر اتحاد موجود ہے مگر حکمران طبقے نے اتحاد نہ کرکے امت کو تقسیم کیا ہوا ہے، اس لیے امتِ مسلمہ کو اس وقت اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے شخص کے آشیرباد کے لیے لوگ قطاروں میں کھڑے ہیں، جبکہ ٹرمپ صبح، دوپہر اور شام مختلف بیانات دیتا ہے، کبھی فتح کا اعلان کرتا ہے، کبھی نیٹو کو بلاتا ہے اور کبھی مدد مانگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال یہ ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول بم گرایا گیا ہے، ہر لیٹر پیٹرول پر 25 فیصد ٹیکس کی صورت میں حکومت وصول کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف قیمت نہ بڑھانا کافی نہیں بلکہ لیوی کو بھی کم کیا جائے، کیونکہ غریب اور متوسط طبقہ ہزاروں ارب روپے ٹیکس کی مد میں ادا کر رہا ہے۔







