علی لاریجانی کا عالمِ اسلام کے نام پیغام، ایران کے خلاف امریکی و صیہونی جارحیت کی مذمت
شیعیت نیوز : علی لاریجانی نے عالمِ اسلام اور اسلامی ممالک کی حکومتوں کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف امریکی اور صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کا آغاز بسم اللہ الرحمن الرحیم سے کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو ایک دھوکہ دہی پر مبنی امریکی و صیہونی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا جو مذاکرات کے دوران پیش آئی اور جس کا مقصد ایران کو کمزور کرنا تھا۔ ان کے مطابق اس جارحیت کے نتیجے میں اسلامی انقلاب کے متعدد رہنما، عام شہری اور فوجی کمانڈر شہید ہوئے، تاہم ایرانی عوام نے بھرپور قومی اور اسلامی مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی فضائی حملوں کی 56ویں لہر شروع، “یا موسیٰ بن جعفرؑ” کے نام سے کارروائی
علی لاریجانی نے کہا کہ چند محدود سیاسی بیانات کے علاوہ زیادہ تر اسلامی ممالک ایرانی عوام کے ساتھ عملی طور پر کھڑے نہیں ہوئے۔ اس کے باوجود ایرانی قوم نے اپنے عزم اور استقامت کے ذریعے جارح دشمن کو پسپا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے مقابلے میں مزاحمت کے راستے پر گامزن ہے اور اسلامی ممالک کو اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کے اس فرمان کا حوالہ بھی دیا کہ جو شخص کسی مسلمان کی مدد کی پکار سن کر اس کی مدد نہ کرے وہ مسلمان نہیں ہے۔
لاریجانی نے کہا کہ بعض ممالک نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے اسے دشمن قرار دیا کیونکہ ایران نے ان ممالک میں موجود امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق اگر کسی ملک کی سرزمین ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہو تو ایران کے پاس دفاع کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں رہتا۔
انہوں نے اسلامی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمِ اسلام کے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں کیونکہ امریکہ کسی کا وفادار نہیں جبکہ اسرائیل مسلمانوں کا دشمن ہے۔ ان کے مطابق اگر امت مسلمہ حقیقی اتحاد کا مظاہرہ کرے تو وہ تمام اسلامی ممالک کے لیے سلامتی، ترقی اور آزادی کی ضمانت بن سکتا ہے۔
پیغام کے اختتام پر انہوں نے مسلمانوں کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہی خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔







