امتِ مسلمہ کا اتحاد صہیونی سازشوں کو ناکام بنا دے گا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : پاکستان بھر میں فلسطین اور ایران کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مقررین نے کہا کہ امتِ مسلمہ کا اتحاد صہیونی سازشوں کو ناکام بنا دے گا۔
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں جمعۃ الوداع کے موقع پر منائے جانے والے عالمی یومِ القدس کے حوالے سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں امریکا اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور فلسطین و اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے گئے۔
القدس ریلیوں کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او، تحریک بیداری امت مصطفیٰ، شیعہ علماء کونسل، جانثاران اہلِ بیت اور جے ایس او سمیت دیگر ملی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے میزائل فلسطینی عوام کے زخموں پر مرہم ہیں، ابو عبیدہ
اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے قائد حزبِ اختلاف سینیٹ و چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت آغا محمد شفاء نجفی, عارف حسین واحدی, انجینئر محمد تقی, سروش علی, سید زاہد کاظمی اور اظہر عابدی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ آخر میں فلسطین اور ایران کی حمایت میں قراردادیں پیش کی گئیں اور امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذرِ آتش کیے گئے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتِ اسلامیہ پاکستان کو امریکی سامراج کی آماجگاہ نہیں بننے دے گی اور امتِ مسلمہ اتحاد کے ذریعے صہیونی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم کے بعد ایران پر جارحیت نے مشرقِ وسطیٰ کو جنگ کی آگ میں دھکیل دیا ہے، تاہم ایرانی عوام اپنے رہبرِ اعلیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مقررین نے رہبرِ معظم شہید سید علی خامنہ ای کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملتِ اسلامیہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان سے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن بورڈ سے پاکستان کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا اور قرار دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خطے میں موجود امریکی اڈوں پر حملے حق بجانب اور درست ہیں کیونکہ ان اڈوں سے ایران پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے احتجاجی مظاہروں کے دوران معصوم بچوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔







